مفتی فاروق خاں مہائمی مصباحی کا ارمغان محبت!

مفتی فاروق خاں مہائمی مصباحی کا ارمغان محبت!

Farooque Mahaimi

Research Scholar

Author

مفتی فاروق خاں مہائمی مصباحی کا ارمغان محبت!


ہندوستان ایک وسیع وعریض ملک ہے ۔اس میں بے شمار اولیا وصلحا اور اقطاب وابدال آرام فرماہیں ۔یہ مبارک ہستیاں اس زمین کے اوپر بھی اہل زمیں کے لیے باعث برکت اور منبع نور وہدایت تھیں اور پردہ فرما جانے کے بعد بھی اہل عقیدت ومحبت کے بے قرار دلوں کا قرار ہیں ۔ ان میں بہت سے مجمع البحرین تھے ۔میدان علم ومعرفت کے شہسوار تھے ۔یہ جہاں علوم ظاہری میں لوگوں کی رہنمائی کرتے تھے وہیں ان کی باطنی کیفیات کو بھی سنوارا کرتے تھے ۔ان کے در کی جبہ سائی جس کے مقدر میں آئی ،اس کی بگڑی بن آئی اور جو ان کی نگاہ سے گرا ،وہ دنیا وآخرت میں خائب وخاسر ٹھہرا ۔۔۔۔۔۔۔


قطب کوکن حضرت مخدوم فقیہ علی بن احمد مہائمی شافعی رحمہ اللہ (۷۷۶ھ-۸۳۵ھ) ایسی ہی جلیل القدر اور صاحب شریعت وطریقت ہستی کی مالک تھے ۔ آپ کے حالات زندگی پر مشتمل مختصر رسالہ " ضمیر الانسان " پڑھنے سے معلوم ہوا کہ اللہ پاک نے آپ کو " بالائے سرش زہوش مندی ۔می تافت ستارہ بلندی ۔ کا مصداق بنایا تھا ۔آپ صاحب کشف وکرامت ولی ہونے کے ساتھ مختلف علوم ظاہری پر بھی کامل دسترس رکھتے تھے جیسا کہ آپ کی تصانیف سے معلوم ہوتا ہے ۔


ہمارے ماضی قریب کے اسلاف کے اخلاف یا ان کے عقیدت مندوں کے یہاں یہ رسم چل نکلی ہے کہ اپنے اسلاف کے علمی کارناموں کو منظر عام پر لانے کے بجائے ان کے اعراس منعقد کرکے چادر وگھاگر کے میلے لگا کر خوب عیش وعشرت کی محفل سجاتے ہیں یا پھر زیادہ سے زیادہ کوئی جلسہ کرکے چند پیشہ ور مقررین کے ذریعہ " پدرم سلطان بود " کے نعرے لگاکر خوش ہوجاتے ہیں ۔وجہ یہی ہے کہ اس میں محنت زیادہ لگتی ہے نہ زیادہ پیسہ ۔۔ایسے بے ڈھنگے ماحول میں" مولا علی ریسرچ سینٹر مینارہ مسجد ممبئی " کی طرف سے مخدوم مہائمی کی تصانیف کی اشاعت باد نسیم کے ٹھنڈے جھونکے سے کم نہیں ہے ۔


مخدوم مہائمی کی کتب پر تحقیق وتخریج اور ترجمہ وتعلیق کا فریضہ ممدوح گرامی حضرت علامہ مفتی فاروق مہائمی مصباحی نے انجام دیا ہے ۔کسی متن کی تحقیق وتصحیح کا کام کتنا مشکل ہے ،اس کا اندازہ اسی کو ہے جس نے اس میدان میں جادہ پیمائی کی ہو ۔ بہرحال یہ کتابیں جہاں ہمیں مخدوم مہائمی کی سیرت اور آپ کی علمی وروحانی شخصیت کا تعارف کراتی ہیں وہیں مفتی صاحب قبلہ کے اعلا ذوق تحقیق سے بھی روشناس کرتی ہیں ۔مفتی صاحب بجا طور پر ہماری طرف سے شکریہ کے مستحق ہیں کہ انھوں نے مسجد نعمان بن ثابت پالی ہل جموں کی لائبریری کے لیے یہ کتابیں ارسال کرکے ہمیں ایک فقیہ اور ولی کامل سے مستفیض ہونے کا موقع فراہم کیا !


جاوید اقبال علیمی

امام و خطیب جامع مسجد نعمان بن ثابت پالی ہل جموں

١٩/٠٦/٢٠٢٥

Farooque Mahaimi

مصنف کا پروفائل

Farooque Mahaimi

Research Scholar

فاروق خان مہائمی مصباحی ایک سنی مذہبی عالم دین ہیں، جنھوں دینی اور دنیاوی دونوں علوم حاصل کیے ہیں۔ چناں چہ اُنھوں نے جامعہ اشرفیہ مبارک پور، اعظم گڑھ، یوپی سے عالم، فاضل اور افتا کی ڈگری حاصل کی ہے۔ مدرسہ یوپی بورڈ سے منشی، مولوی، عالم اور کامل کی ڈگری حاصل کی ہے۔ اور اسکول سے میٹرک (Matric) اور انٹر میڈیٹ (Intermediate) پاس کرنے کے بعد مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی (MANUU) سے بی اے اور ایم اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔ مہائمی صاحب نے 6 سال تک دارالعلوم محبوب سبحانی، کرلا، ممبئی میں افتا اور تدریسی خدمات انجام دیں۔ اُس کے بعد پچھلے تین سال دعوت اسلامی کے مرکزی جامعہ، جامعۃ المدینہ فیضان کنزالایمان، ممبئی میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں اور پچھلے ایک سال سے مولا علی ریسرچ سینٹر (زیر انتظام مینارہ مسجد ٹرسٹ) سے بھی جڑ گئے ہیں۔ الحمد للہ مہائمی صاحب نے اب تک 10 کتابوں پر کام کیا ہے، درجنوں مقالے اور سو سے زائد فتاوے صادر کر چکے ہیں۔ مولا تعالیٰ قبول فرمائے۔
Link copied to clipboard!